پٹنہ22اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر تیج پرتاپ یادو نے لالو لیلا نامی کتاب کے جواب میں سشیل مودی اور نتیش کمار پر کتاب لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لالو لیلا کے جواب میں نتیش مودی لیلا لکھیں گے۔ بہت جلد ان کی کتاب مارکیٹ میں آئے گی۔ سابق صحت وزیر تیج پرتاپ ایک پروگرام میں حصہ لینے موتیہاری پہنچے تھے۔
یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھی نتیش مودی لیلا لکھ رہے ہیں۔ اس دوران تیج پرتاپ نے دونوں بھائیوں کے درمیان ان بن ہونے کی بات کو افواہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مخالفین کی چال ہے۔ تیج پرتاپ نے کہا کہ نتیش کمار اور سشیل مودی میں پھوٹ ہے، ہمارے خاندان کے بارے میں یہ سب آر ایس ایس ، بی جے پی اور جے ڈی یو کے لوگ جھوٹے پروپیگنڈے کرتے ہیں۔ بی جے پی کے رہنما اور اداکار شتروگھن سنہا کے آر جے ڈی میں شامل ہونے کی بات پر انہوں نے کہا کہ وہ اگر پارٹی میں شامل ہوں گے تو اچھی بات ہوگی۔
دراصل تیج پرتاپ یادو موتیہاری کے سورج پور گاؤں میں دسہرہ فیسٹیول میں حصہ لینے پہنچے تھے۔ یہاں انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب و دیتے ہوئے نتیش کمار اور سشیل مودی پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہ نتیش اور مودی لیلا لکھیں گے۔ جسے سب سے پہلے صحافیوں کو دیا جائے گا۔واضح ہو کہ اس سے قبل بہار کے نائب وزیر اعلی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد پر اپنی کتاب لالو لیلالکھی ہے۔ کتاب میں سشیل کمار مودی نے بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح لالو یادو نے اپنے خاندان کو ار ب پتی بنانے کے لئے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے۔ کتاب کے مطابق 15 سال تک بہار کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں رکھ کر اور پانچ سال تک ریلوے وزیر کی کرسی پر بیٹھ کر لالو یادو نے اپنے اور خاندان کے نام پر کل 141 قیمتی قطعہ اراضی ، 30 فلیٹ اور چھ عالی شان بنگلے بنالیے ۔